ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں یوم جمہوریہ تقریب: آئندہ تین برسوں میں ریاست بھر میں زمینوں کا از سرِ نو سروے ہوگا۔ وزیر مالگزاری آر وی دیشپانڈے کا بیان

کاروار میں یوم جمہوریہ تقریب: آئندہ تین برسوں میں ریاست بھر میں زمینوں کا از سرِ نو سروے ہوگا۔ وزیر مالگزاری آر وی دیشپانڈے کا بیان

Sat, 26 Jan 2019 21:02:43    S.O. News Service

کاروار26؍جنوری (ایس او نیوز) 70ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ضلع انچارج وزیر مالگزاری آر وی دیشپانڈے نے کاروارکے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں آئندہ تین برسوں کے اندر زمینات کے از سرِنو سروے کا کام کیا جائے گا جس کے لئے 800سرویئرز کی تعیناتی عمل میں آئی ہے۔فی الحال ریاست کے پانچ اضلاع میں سروے کا کام شروع کیا گیا ہے۔

وزیر دیشپانڈے نے کہا کہ کرناٹکا میں قحط سالی کا عالم پیدا ہوگیا ہے۔ ربیع کے موسم میں فصلیں خراب ہونے کی وجہ سے جو نقصان ہوا ہے اس کی بھرپائی کے لئے فروری کے پہلے ہفتے میں مرکزی حکومت سے امداد طلب کی جائے گی۔فصلوں کی تباہی کا سروے کرنے کے لئے مختلف محکمہ جات کو احکام جاری کردئے گئے ہیں۔ جائزہ رپورٹ تیار ہوتے ہی مرکزی حکومت سے نیشنل ڈس ایسٹر فنڈ سے امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔تاحال ریاست کے 156تعلقہ جات کو قحط زدہ قراردیا گیا ہے۔خریف کے موسم میں 100تعلقہ جات کوقحط زدہ قرار دیا گیا تھااور اس کے لئے 16ہزار کروڑ روپوں کی فصلیں تباہ ہونے کی وجہ سے معاوضہ طلب کیا گیا تھا۔مرکزسے 2434کروڑ روپے کی ریلیف جاری ہوئی تھی جوکسانوں کے کھاتے میں جمع کی گئی ہے۔

وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت نے 23لاکھ مصیبت زدہ کسانوں کا فصل قرضہ معاف کردیا ہے۔اس میں تاحال 1200کروڑ روپے جاری کردئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ کسانوں کے سہولت کے لئے اور بے روزگاری دور کرنے کے لئے بھی سرکار کی طرف سے کئی منصوبے بنائے گئے ہیں۔ ریاست میں ’ناڈ کچہری‘ اور ’ ضلع انتظامیہ بھون‘ کی تعمیرات کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے۔ کاروار میں ضلع انتظامیہ بھون کے لئے 10کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ منی ودھان سودھا کی تعمیر بھی جلد مکمل ہوجائے گی۔اس کے علاوہ بہت دنوں سے ضلع شمالی کینرا میں ایئر پورٹ کاجو مطالبہ ہورہاتھا وہ بھی جلد پورا ہوجائے گا ، اس کے لئے تیاریاں کرلی گئی ہیں۔اس سے اس علاقے کے عوام کو بہت ساری سہولتیں حاصل ہوں گی۔

آر وی دیشپانڈے نے صحت عامہ کے شعبے میں مرکز اور ریاست کے مشترکہ منصوبے ’آیوشمان آروگیہ کرناٹکا‘ کے تعلق سے بتایا کہ اس سے 1.20 کروڑخاندانوں کو فائدہ پہنچاہے۔ بی پی ایل راشن کارڈ رکھنے والوں کواس منصوبے کے تحت سالانہ 5لاکھ روپوں تک طبی اخراجات ادا کیے جاتے ہیں۔اے پی ایل کارڈ والوں کو سالانہ 1.50لاکھ روپوں تک طبی امداد مہیا کی جاتی ہے۔ یہ عوام کے لئے نہایت ہی مفیداسکیم ہے اس لئے اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ تمام اسپتالوں میں اس کا رجسٹریشن ہونا چاہیے اور زیادہ سے زیادہ عوام کو اس کا فائدہ پہنچنا چاہیے۔ ڈاکٹروں کوچاہیے کہ اس اسکیم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ 

اس موقع پر رکن اسمبلی روپالی نائک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیااور کہا کہ مرکزی حکومت کی تمام اسکیموں او ر منصوبوں کو ریاستی حکومت کے تعاون سے اگر پوری طرح لاگو کیا جائے گا تو اس سے عوام کا بہت زیادہ بھلا ہوگا۔

یوم جمہوریہ کی اس تقریب کے موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ونائیک پاٹل، ضلع پنچایت سی ای او اور دیگر اعلیٰ افسران و معزز افراد موجود تھے۔


Share: